ریاض (پاک ترک نیوز)
سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے فٹبال ورلڈ کپ کے انتظامات میں قطر کو درکار ہر طرح کی اضافی مدد اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی تمام وزارتوں اور سرکاری محکموں کو حکم دیا ہے کہ وہ برادر ملک قطر کی جس وزارت یا محکمے یا ادارے کو فٹبال ورلڈ کپ کے انتظامات کے سلسلے میں کسی طرح کی کوئی سہولت یا مدد درکار ہو اسے وہ فوری فراہم کی جائے۔ سعودی عرب میں وزیر سپورٹس اس فیصلے پر عمل درآمد کی نگرانی کریں اور اس کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ پیش کریں۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر اتوار کی صبح فٹبال ولڈ کپ 2022 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے دوحہ پہنچے تھے۔
سعودی عرب ان ملکوں میں شامل ہے جو فیفا ورلڈ فٹبال کپ میں حصہ لے رہا ہے۔ اسے گروپ سی میں ارجنٹینا، میکسیو اور پولینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔