لانگ مارچ کنٹینر پر اسدعمر ،مراد سعید اور حماد اظہر کی جھگڑے کی ویڈیو وائرل

لاہور(پاک ترک نیوز) عمران خان کی موجودگی میں لانگ مارچ کنٹینر پر اسد عمر،حماد اظہر اور مراد سعید کے درمیان جھگڑے کی ویڈیو وائرس ہو گئی ۔
تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کا لانگ مارچ شروع ہوتے ہی قیادت میں اختلافات سامنے آنے لگے۔احتجاج کی قیادت کرنے والے کنٹینر پر پارٹی چیئرمین کی موجودگی میں سینئر رہنماؤں کے مابین جھگڑا ہوگیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کسی بات پر نالاں ہیں اور وہ غصے میں دوسرے رہنماؤں پر برس رہے ہیں۔ اس دوران حماد اظہر، اسد عمر کے سامنے تھے اور ان کے ساتھ مراد سعید، اسد عمر کو کسی معاملے پر وضاحت پیش کرنے کی کوشش کرتے رہے، تاہم سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے ان کی ایک نہ سنی اور ہاتھ سے پیچھے دھکیل دیا۔
سینئر رہنماؤں کے جھگڑے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی موجود تھے جب کہ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی بھی اس موقع پر بے بسی کی تصویر بنے دکھائی دیے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے مابین لانگ مارچ کے لیے عوام کے مطلوبہ تعداد میں نہ نکلنے پر جھگڑا ہوا اور اس کی ذمے داری ایک دوسرے پر ڈالنے کی وجہ سے تکرار شروع ہوئی، تاہم بحث کا اصل موضوع کیا تھا، اس کی کسی ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے اپنے ایک وضاحتی ٹوئٹ میں کنٹینر پر ہونے والے واقعے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ کل لاہور کا اپنے کپتان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حقیقی آزادی کا عزم دیکھ کر یہ گھبرا گئے ہیں۔ میرا ایک کلپ چلا رہے ہیں کہ اختلافات ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مجھے غصہ اس بات پر تھا کہ جنریٹر خراب ہو گیا تھا اور دوسرا آنے میں دیر ہو رہی تھی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More