بیجنگ(پاک ترک نیوز)
چین کی پارلیمنٹ نےاپنے جاری سالانہ اجلاس میں ہفتہ کے روزچین کی حکمران جماعت کے سینئر رہنما لی کیانگ کا عوامی جمہوریہ چین کی ریاستی کونسل کے نئے وزیر اعظم کے طور پر انتخاب کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق ملک کے نئے وزیر اعظم اس قبل کئی وزارتوں اور محکموں میں کلیدی عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔وہ موجودہ وزیر اعظم لی کی چیانگ کی جگہ لیں گے۔ جو 2013 سے چین کے وزیر اعظم منتخب ہوتے آ رہےتھے۔
یاد رہے کہ63 سالہ لی کیانگ کو چینی صدر شی جن پنگ نے اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔جب چین کے صدر خود جمعہ کو اپنی تیسری پانچ سالہ مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہوئےتھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے نئے منتخب وزیراعظم کو مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں چینی ہم منصب کو مبارکباد دیتے ہوئے پاک چین قریبی تعلقات کے تناظر میں مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ، انہوں نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ نئے چینی وزیراعظم کے دور میں بھی دونوں دوست ملکوں کے تعلقات فروغ پذیر رہیں گے ۔