مدینہ منورہ (پاک ترک نیوز)
مدینہ منورہ میں نبی کریم ﷺ کے دور کی سو سے زائد مساجد ودیگر عمارتوں کی مرمت و بحالی کے منصوبے کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہوگیا ہے ۔ جس میں پانچ مساجد، ایک کنویں اور تاریخی محل کو بحال کیا گیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے اسلامی آثار کی مرمت کا کام مکمل کرنے کے بعد منصوبے کے ابتدائی مرحلے کا افتتاح کر دیا ہے۔شہزادہ فیصل بن سلمان نے مسجد الغمامہ، مسجد السقیا، مسجد الرایہ، مسجد ابو بکر، مسجد بنی انیف، غرس کنواں اور عروہ بن زبیر کے تاریخی محل کا افتتاح کیا ہے۔جبکہ مدینہ منورہ کے سو سے زیادہ اسلامی آثار کی مرمت کا کام منصوبے میں شامل ہے۔
منصوبے کی افتتاحی تقریب میں وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، نائب وزیر ثقافت حامد بن محمد فایز اور شہر کے اعلی حکام و عمائدین موجود تھے۔ تقریب میں مزید تاریخی آثار کی مرمت کے منصوبے کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں میدان سید الشہدا، سقیفہ بنی ساعدہ، خندق، مسجد قبلتین اور عثمان کنواں شامل ہے۔
تقریب میں میدان بدر سمیت مقام بدر تک لے جانے والی سڑک پر اسلامی آثار کی مرمت کے منصوبے کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔