اسلام آباد(پاک ترک نیوز) ملکہ کوہسار مری کو ضلع کا درجہ دیتے ہوئے نام بدلنے کی تجویز سامنے آئی ہے ۔ اس وقت مری ، راولپنڈی کی تحصیل ہے جس کو ضلع کوہسار کا نام دیا جانے کے لیے کام شروع کردیا گیا ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے ضلع کوہسار بنانے اور کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں ۔
نئے ضلع کوہسار میں کون کون سے علاقے شامل ہوں گے ، اس کی حد بندی کے لیے بورڈ آف ریونیو سے سفارشات طلب کر لی گئی ہیں۔
ضلع کوہسار کو تحصیل سے ضلع کا درجہ ملنے سے اس کی ایک طرف حدبندی خیبرپختونخوا تک ہوگی تو دوسری جانب راولپنڈی ضلع کی حدود بھی نئے سرے سے طے کی جائیں گی ۔
مری میں ہرسال سیاحوں کے لیے مسائل بڑھتے جارہے ہیں ۔ جس کی روک تھام کے لیے راولپنڈی انتظامیہ ناکام نظرآتی ہے ۔ حالیہ سانحے میں بیس سے زائد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتظامیہ کی غفلت اور نااہلی کھل کر سامنے آچکی ہے ۔
آئندہ ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے ہی مری کو ضلع کا درجہ دینے کی تجویز پرابتدائی کام شروع کردیا گیاہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ارکان اسمبلی سے مشاورت کی بھی ہدایت کی ہے ۔
اگلی پوسٹ