مسئلہ کشمیر کے اصولی مؤقف پر ترکی پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے،ترک صدر

انقرہ(پاک ترک نیوز) ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ عوام کی خوشحالی کے لیے اقتصادی تعاون ترجیح ہے، پاکستان اور ترکی دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکی کے موقع پر منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، میاں شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔
رجب طیب ایردوان کا کہنا تھا کہ مختلف فورمز پر پاکستان اور ترکی یکساں مؤقف رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان انتہائی قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ملک دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ بحری جہازوں کی تیاری میں ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں، مواصلات، تعلیم، ماحولیات اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں دو طرفہ قریبی تعاون ہے۔
ترک صدر نے کہا کہ عالمی فورمز پر پاکستان کی بھرپور حمایت کے شکرگزار ہیںِ، ایک پرامن اور خوشحال افغانستان خطے کے مفاد میں ہے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کو بھرپور امداد فراہم کی گئی۔
مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اصولی مؤقف پر ترکی پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہارکیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More