ملتان سکھر موٹروے پر بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک حادثہ، 20 افراد جاں بحق

لاہور(پاک ترک نیوز) ملتان سکھر موٹروے پر بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک حادثہ میں20 مسافر جاں بحق ہو گئے جبکہ 6 افراد زخمی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تصادم کے نتیجے میں بس کو آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس ، ریسکیو 1122 اور افسران پہنچ جائے حادثہ پر پہنچے جب کہ آگ بجھانے والی ٹیموں نے کارروائی شروع کی۔ آئی جی خالد محمود کی ہدایت پر موٹر وے پولیس نے ایمرجنسی کرائسز سنٹر تشکیل دیدیا۔حادثے کے فوراً بعد موٹروے ایم 5 کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ۔
امدادی ٹیموں کو بس میں لگی آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے ۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ کئی میل دور سے شعلے بلند ہوتے دکھائی دے رہے تھے۔موٹروے پولیس نے جلتی بس سے کچھ مسافروں کو بحفاظت نکالا جب کہ بس میں تقریباً 25 افراد سوار تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر بیان میں بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے میں 20 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھی اور رنجیدہ ہوں۔ میری دعائیں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے ملتان میں جلال پور انٹرچینج کے قریب بس اور ٹینکر میں تصادم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور زخمیوں کے لیے صحتیابی کی دعا کی ہے۔
علاوہ ازیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے بھی بس آئل ٹینکر تصادم میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More