ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں بدعنوانی ایک بڑی رکاوٹ ہے،وزیراعظم

 

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں بدعنوانی ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ کرپشن کسی بھی ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرکے اسکی معاشی و انتظامی تباہی کا باعث بنتی ہے۔ کرپشن سے ملک و قوم کا قیمتی پیسہ نہ صرف شرپسند عناصر کے ہاتھوں میں جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے ملک کا امن تباہ ہوتا ہے بلکہ اس سے ادارے کمزوراور لوگوں کا گورننس سے اعتبار اٹھ جاتا ہے۔

وزیر اعظم شہبازشریف کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے عزم کی تجدید کا اظہار کیا ہے، انسداد کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دور میں جس طریقے سے کرپشن کے جھوٹے الزامات لگا کر سیاسی حریفوں کو جیلوں میں بند کیا گیا اسکی مثال نہیں ملتی۔
مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔ 2013 سے 2018 تک مسلم لیگ ن کے دورِ حکومت میں ناصرف ملک میں کرپشن کی شرح نیچے آئی۔ وفاقی اور صوبہ پنجاب کی سطح پر اربوں ڈالر کے سی پیک اور دوسرے ترقیاتی منصوبے شروع کرکے پائہ تکمیل تک پہنچائے، کوئی ان منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کر سکا۔
آج کا دن اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم سب پاکستانی مل کر کرپشن سےجنگ میں سرخرو ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں کرپشن کو انتقام کا ذریعہ بنانے کے رواج کو ختم کرنا ہوگا۔ کرپشن کی روک تھام کیلئے تمام سیاسی حلقوں کو مل کر ایک واضح روڈ میپ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سیاسی بیان بازی کی بجائے اسکا مو ثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More