پیانگ یانگ (پاک ترک نیوز)
شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربات جن میں متعدد اقسام کے میزائلوں کو آزمایا گیا وہ دراصل جنوبی کوریا اور امریکہ پر حملے کی مشق تھے۔
جنوبی کوریا کے میڈیا کے مطابق اس بات کا علان شمالی کوریا کی سرکاری ویب سائیٹ پر کیا گیا ہے۔شمالی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے فضائی اڈوں اور ہوائی جہازوں کے ساتھ ساتھ جنوبی کوریا کے ایک بڑے شہر پر حملے کی مشقیں کیں تاکہ دشمنوں کے مسلسل جنگی جنون کو ختم کیا جا سکے۔
ادھر جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ اس نے اپنے ساحل کے قریب شمالی کوریا کے میزائل کے کچھ حصے برآمد کر لیے ہیں۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے ایک اہلکار نے پیر کو بتایا کہ جنوبی کوریا کے ایک جہاز نے ملبہ برآمد کیا ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ شمالی کوریا کے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا حصہ ہے۔
جنوبی کوریا اور امریکی حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ پیانگ یانگ نے جوہری ڈیوائس کا تجربہ کرنے کے لیے تکنیکی تیاری کر لی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک بیان کے مطابق امریکہ، جاپان اور جنوبی کوریا کے سینیئر سفارت کاروں نے اتوار کو فون پر بات چیت کی اور حالیہ تجربات کی مذمت کی۔
یاد رہےکہ شمالی کوریا کی جانب سےیہ تجربات ایسے وقت میں کئےگئے ہیںجب جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشترکہ چھ روزہ فضائی مشقیںجاری تھیں جوگذشتہ ہفتہ کے روز ختم ہوئیں۔