نئی دہلی میں فضائی آلودگی میں شدید اضافہ ،سکول تاحکم ثانی بند

نئی دہلی (پاک ترک نیوز) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث سکولوں کو تاحکم ثانی بند کردیا گیا۔بھارتی دارالحکومت میں سکولز 4روز قبل کھولے گئے تھے۔
نئی دہلی میں خطرناک حد تک موجود فضائی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران بھارتی سپریم کورٹ نے دہلی کی حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ 3 اور4سال کے بچے توسکول جارہے ہیں لیکن بڑے گھر سے کام کررہے ہیں۔
ادھربھارتی سپریم کورٹ نے آلودگی میں کمی کے لئے ناکافی اقدامات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے مرکزی اوردہلی کی حکومت کو24گھنٹے کا نوٹس دے دیا۔سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ دہلی اورمرکزکی حکومت گاڑیوں اورفیکٹریوں سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی میں کمی لانے کے لئے 24گھنٹے میں اقدامات کرے۔
بھارتی سپریم کورٹ نے نئی دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال پرطنز کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حکومت چلانے کے لئے بھی ہم کسی اورکو مقرر کردیتے ہیں۔
بھارتی وزیرماحولیات گوپال رائے کے مطابق ائیرکوالٹی بہتر ہونے کی پیش گوئی کے بعد سکول دوبارہ کھولے گئے تھے لیکن فضائی آلودگی بدستوربرقراررہنے کی وجہ سے کل سے سکولز تاحکم ثانی بند رہیں گے۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More