اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف کی نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ دفاع، ولی عہد سعودیہ عرب، عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ۔وزیرِ اعظم نے خادم الحرمین شریفین، عزت مآب بادشاہ سلمان بن عبدلالعزیز کے لئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ وزیرِ اعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے جلد دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
ولی عہد سعودی عرب عزت مآب محمد بن سلمان آل سعود نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی قوم کو پجھترویں (75th) یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں راہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان ،سعودی عرب کے مابین برسوں پر محیط مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم کے اپریل 2022 کے دورے کے دوران لئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیرِ اعظم نے برادر ملک سعودی عرب کی پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے حالیہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔