ٹرکش لیرا کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے
صدر رجب طیب ایردوان کی معاشی ٹیم میں تبدیلی سے ٹرکش لیرا کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ خطے کی دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں ترک کرنسی کی قدر مستحکم ہو رہی ہے۔
نومبر سے اب تک ٹرکش لیرا کی قدر میں 15 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ 6 نومبر کو ایک ڈالر 8.53 ٹرکش لیرا کے مساوی تھا جو آج 7.4 ٹرکش لیرا کے برابر آ گیا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نئی معاشی ٹیم کے آنے سے ترک کرنسی مستحکم ہو رہی ہے اور اب ٹرکش لیرا پر اعتماد بڑھتا جا رہا ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں دو بار اضافے کے بعد لیرا کی قیمت میں استحکام آ رہا ہے۔ ٹرکش سینٹرل بینک کے گورنر ناجی اقبال نے دو ماہ میں شرح سود 4.75 فیصد بڑھا دی ہے جس کے بعد اب ترکی میں شرح سود 17 فیصد ہو چکی ہے۔
مرکزی بینک نے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لئے اوپن مارکیٹ سے ڈالر کی خریداری محدود کر دی ہے جس کے باعث ٹرکش لیرا پر دباوٗ میں کمی آئی ہے۔
بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر امریکی انتظامیہ نے ترکی پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کر دیں تو ڈالر کی قیمت دوبارہ بڑھنا شروع ہو جائے گی تاہم ابھی تک حالات نارمل ہیں۔
واضح رہے کہ صدر ایردوان نے 7 نومبر کو ترکی کے سینٹرل بینک کے مرکزی گورنر کو تبدیل کر کے ناجی اقبال کو نیا گورنر مقرر کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر خزانہ بیرات البیراک کی جگہ لطفی ایلون کو نیا وزیر خزانہ بنایا تھا۔