نیویارک (پاک ترک نیوز)
امریکہ کے شہر نیو یارک میں بین الاقوامی فاسٹ فوڈ کمپنی میکڈونلڈ کی ایک شاخ کے ملازم کو ٹھنڈے چپس دینے پر گولی مار کر شدید زخمی کر دیا گیا تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نیو یارک کے علاقے بروکلین میں20 سالہ شخص مائیکل مورگن نے میکڈونلڈ کے 23 سالہ ورکر کو گولی مار کر شدید زخمی کیا ہے۔جبکہ متاثرہ شخص کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
یہ واقعہ میکڈونلڈ آنے والی ایک 40 سالہ خاتون اور وہاں موجود ورکر کے درمیان بحث سے شروع ہوا جب خاتون نے اعتراض اٹھایا کہ انہیں ٹھنڈے چپس دیے گئے ہیں۔
خاتون نے اپنے بیٹے مارگن کو ویڈیو کال کر کے شکایت کی جو غصے کی حالت میں ریستوران آیا۔ اور بحث کے بعدملازم پر گولی چلادی۔ ملزم کو اس سے پہلے بھی کئی جرائم میں ملوث ہونے پر متعدد مرتبہ گرفتار کیا جا چکا ہے۔
نیو یارک پولیس کے ترجمان کے مطابق مائیکل مورگن پر قتل کی کوشش اور لوڈڈ پستول رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔