ٹیکس آمدن میں اضافے کی وجہ سے پٹرول کی قیمت کم کی، وزیراعظم

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹیکس آمدن میں اضافے کی وجہ سے پٹرول کی قیمت کمی کی،پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل دبئی سے بھی سستا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے احساس رعایت راشن سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم ٹیکس نہ دیتی تو پٹرول اور بجلی پر سبڈی نہ دے پاتے ، مدینہ کی ریاست میں ٹیکس کا پیسہ کمزور طبقے پر لگایا جاتا ہے ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام سے خواتین کو بااختیار بنانا ہے، جب تک خواتین تعلیم یافتہ نہیں ہوں گی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔احساس پروگرام کے تحت 98 فیصد پیسہ عورتوں کے ہاتھ میں دیا جاتا ہے تاکہ عورتیں بچوں کی تعلیم سمیت دیگر معاملات کو چلا سکے۔احساس رعایت راشن اسکیم کے تحت 2 کروڑ خاندانوں کو 30فیصد ماہانہ رعایت دی جائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ ورلڈ بینک نے تسلیم کیا کہ پاکستان کا احساس پروگرام دنیا کا بہترین منصوبہ ہے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ رواں ماہ کے آخر تک سندھ کے علاوہ ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا، جس کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک کا مفت علاج کروایا جاسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث دنیا بھر میں تباہی آئی لیکن کورونا کے بعد ہماری معیشت تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہوئی۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More