دبئی (پاک ترک نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے رواں سال ہونیوالے ٹی 20ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان کردیا ۔ پاکستان اپنا پہلا میچ بھارت کیخلاف کھیلے گا۔
افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا جبکہ 13نومبر کو میگا ایونٹ کے فائنل کی میزبانی میلبورن کرے گا ۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ سپر 12 راؤنڈ کے لیے چھ چھ ٹیموں کے دو گروپس بنائے گئے ہیں۔
پہلے گروپ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ، انگلینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔ پاکستان، بھارت، جنوبی افریقہ اور بنگلا دیش دوسرے گروپ کا حصہ ہیں۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کے سیمی فائنل کھیلنے والی چاروں ٹیمیں سپر 12 راؤنڈ کا حصہ بنیں گی۔
ایونٹ کا کوالیفائنگ راؤنڈ 16 سے 21 اکتوبر تک ہوبارٹ اور جےلونگ میں شیڈول ہے۔ سابق عالمی چیمپئنز ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کوالیفائنگ راؤنڈ میں قسمت آزمائیں گے۔
سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہو گا، پہلے میچ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔ ایونٹ کا سب سے بڑا میچ پاک بھارت ٹاکرا 23 اکتوبر کو میلبرن میں شیڈول ہے۔
شاہین3 نومبر کو جنوبی افریقہ ،6 نومبر کو بنگلا دیش کا مقابلہ کرے گا، ٹی 20 کرکٹ میلے کا فائنل 13 نومبر کو تاریخی میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔