پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کا دوسرا سہ فریقی اجلاس

اسلام آباد (پی ٹی این )پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کا دوسرا سہ فریقی اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرءخارجہ کے درمیان امن و سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافتی تعاون پر بات چیت ہوگی،پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان زاہدحفیظ چوھدری کے مطابق پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کی پہلی سہ فریقی میٹنگ نومبر2017 میں باکو میں ہوئی تھی، دوسرا سہ فریقی اجلاس 2018 میں منعقد ہونا تھا تاہم اب اس کا انعقاد کل ہو رہا ہے۔مذاکرات میں تینوں ممالک عالمی و علاقائی امور کے علاوہ علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات، کوویڈ وبا سے پیداشدہ چیلنجز، ماحولیات اور معاشی ترقی کے اھداف کے حصول پرتبادلہ خیال کریں گے، مشترکہ دلچسپی کے تمام امور بشمول امن و سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافتی تعاون پر بات بھی ہوگی۔ ترکی کے وزیر خارجہ میلوت چاوش اوگلو آج ایک وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے پرپاکستان پہنچے جبکہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہوں بیراموو کل ایک وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ دوسرے سہ فریقی اجلاس کا اختتام مشترکہ اعلامیہ کے اجراء پر ہو گا ۔
ترکی ، آذربائیجان وزرائے خارجہ کی اہم ملاقاتیں
ترک اور آذری وزرائے خارجہ، وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود اور مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں نگورنو کاراباخ کی تاریخی فتح، مقبوضہ جموں و کشمیر کی مخدوش صورتحال زیر غور آئے گی۔ ترکی اور آذربائیجان مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت ،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کریں گے۔
پاکستان میں آذربائیجان ٹریڈ ہاؤس کھلے گا
2010 کے بعد یہ آذربائیجان کی جانب سے پہلا وزیرخارجہ سطح کا دورہ ہوگا۔آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہوں بیراموو پاکستان میں آذربائیجان ٹریڈ ہاؤس کھولنے کے حوالے سے معاملات کوحتمی شکل دیں گے تاکہ دونوں برادرممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دیا جائے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کیے جاسکیں ۔
ترک قونصل خانے میں نئے کمپاؤنڈ کا افتتاح
جبکہ ترک وزیر خارجہ میولت چاوش اوگلو شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں ساتویں پاکستان ترکی اعلی سطح تزویراتی تعاون کونسل کے اجلاس کی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گے۔ ترک وزیر خارجہ کراچی بھی جائیں گے اور کراچی میں ترک قونصل خانے کے نئے کمپاونڈ کا افتتاح کریں گے۔آذربائیجان کی نگورنو کاراباخ پر آرمینیا سے جنگ میں ترکی اور پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔ آذربائیجان کے آرمینیا کو شکست دینے کے بعد برادرممالک ترکی ، آذربائیجان اور پاکستان کی اسلام آباد میں ملاقات کو سٹریٹجک اور سفارتی سطح پر انتہائی اہمیت سمجھا جارہا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More