کراچی (پاک ترک نیوز) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے سری لنکن ویمنز کرکٹ ٹیم کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دے کر سیریز جیت لی ۔تینوں میچز پر مشتمل سیریز پاکستان کو سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ۔
قومی ٹیم نے 103رنز کا مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی پاکستانی ویمنز ٹیم نے سری لنکن ویمنز ٹیم کو شکست دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری تینوں میچوں کی سیریز پر مشتمل دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستانی ویمنز ٹیم نے سری لنکن ٹیم کو شکست دے کر سیریز جیت لی۔سری لنکن ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 102رنز بنائے ۔ سری لنکن بیٹر پریرا نے 35رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پاکستان کی جانب سے طوبی،انعم ،فاطمہ اور ندا ڈار نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
پاکستانی ویمنز ٹیم نے مطلوبہ ہدف 3وکٹوں کے نقصان پر 17.1اوورز میں حاصل کیا ۔پاکستان کی جانب سے عائشہ نسیم نے 45رنز کی اننگز کھیلی اور وہ ناٹ آئوٹ رہیں ۔کپتان بسمہ معروف نے 22رنز بنائے ۔ سری لنکن ویمنز ٹیم کی جانب سے اوشادی ،کلاسیرا ا ور رانا ویرا نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 28مئی کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔