استنبول (پاک ترک نیوز ) ترکی کی سانمار شپ یارڈز اور پاکستان کی پورٹ قاسم اتھارٹی میں باہمی تعاون کو یادگار بنانے کیلئے تقریب کا انعقاد سانمار شپ یارڈز ، استنبول میں کیا گیا۔ تقریب میں صدر سانمار شپ یارڈز جیم سیون ، چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل (ر) سید حسن ناصر شاہ ، ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
ترکی کی سانمار شپ یارڈز اور پاکستان کی پورٹ قاسم اتھارٹی میں معاہدے کے تحت ، PQA نے 4 ASD LNG ہم آہنگ ٹگز اور 2 پائلٹ کشتیاں سانمار شپ یارڈز سے خریدی ہیں۔4 کشتیوں کا نام بالترتیب کورنگی ، پپری ، گھارو اور ملک رکھا گیا جبکہ 2 پائلٹ کشتیوں کے نام ہیر اور سسی رکھے گئے ۔ اس موقع پر چیئرمین پی کیو اے ، ریئر ایڈمرل (ر) سید حسن ناصر شاہ نے کہا کہ اس تاریخی معاہدے سے دونوں ممالک کےمابین سمندری امور میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نے کہا ، پاکستان اور ترکی بحری امور کے دونوں سویلین اور دفاعی شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔
سانمار شپ یارڈز کو قومی اور بین الاقوامی گاہکوں کے لیے ٹگ ، ورک بوٹس اور پائلٹ کشتیوں کی تعمیر میں کئی دہائیوں کا تجربہ ہے اور وہ تکنیکی مشاورت کی خدمات بھی فراہم کرتے ہیں۔ کام مکمل ہونے کے بعد 4 ASD LNG ہم آہنگ ٹگز اور 2 پائلٹ کشتیاں پورٹ قاسم اتھارٹی پاکستان کے حوالے کی جائیں گی۔