پاکستان ، ایران اور ترکی میں نئےتجارتی دور کا آغاز ہوگیا

انقرہ (پاک ترک نیوز ) پاکستان سے چلنے والی پہلی کارگو ٹرین ایران کے راستے ترکی پہنچ گئی ۔آئی ٹی آئی ٹرین کے نام سے منسوب کارگو ٹرین 21 دسمبر 2021 کو اسلام آباد سے روانہ ہوکر تافتان کے راستے ایران میں داخل ہوئی جہاں سے سامان اسٹینڈرڈ گیج ٹرین میں منتقل کیا گیا ۔اسلام آباد سے انقرہ پہنچنے میںٹرین کو 13 دن لگے ۔ اسلام آباد سے تہران اور انقرہ پہنچنے پر باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ترکی کے وزیر برائے نقل و حمل عادل کریس میلوگلو اور رکن قومی اسمبلی مخدوم زین حسین قریشی تقریب کے مہمان خصوصی بنے ۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم زین حسین قریشی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آئی ٹی آئی ٹرین علاقائی رابطوں کو بڑھانے اور ای سی او ریجن میں اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ یہ ٹرین پاکستان کو اپنی برآمدات کو مزید بڑھانے اور یورپ سمیت بین الاقوامی منڈیوں کے ساتھ رابطے کو مضبوط کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔زین حسین قریشی نے امید ظاہر کی کہ اس روٹ پر باقاعدہ آپریشن جاری رہے گا اور سفر کے وقت کو مزید کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
آئی ٹی آئی کارگو ٹرین کا ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد دوبارہ شروع ہونا پاکستان کی جیو اکنامکس پر خصوصی زور دینے اور خطے میں اقتصادی خوشحالی اور ترقی کے لیے علاقائی رابطوں کو بڑھانے کی پالیسی کا مظہر ہے۔ یہ ٹرین خطے میں تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور علاقائی رابطوں کے ذریعے اقتصادی کارکردگی کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔


آذربائیجان بھی آئی ٹی آئی ٹرین کے روٹ میں شمولیت پر اپنا خواہش کا اظہار کرچکا ہے ۔جس پر عملدرآمد ہوگیا تو کارگو ٹرین اسلام آباد سے تہران ، وہاں سے باکو ہوتی ہوئی انقرہ جایا کرے گی ۔ دوسرے مرحلے میں اسی روٹ پر پسنجر ٹرین چلانے کی تیاریاں بھی کی جارہی ہیں ۔
TCDD کے ڈائریکٹر جنرل Taşımacılık Hasan Pezuk، ترکی کی وزارت ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر، وزارت تجارت، ECO سیکرٹریٹ کے سینئر حکام، یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈٹی ایکسچینجز آف ترکی (TOBB) کے نمائندے اور پاکستان اور ایران کے سفارت خانوں کے حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More