پاکستان کو افغانستان میں بڑھتے ہوئے تشدد پر تشویش ہے، وزیر خارجہ کی افغان صدر سے ملاقات

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان میں بڑھتے ہوئے تشدد پر تشویش ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات دوشنبے میں "ہارٹ آف ایشیا-استنبول پراسیس” کی نویں سالانہ کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط،مستحکم اور پُرامن افغانستان چاہتا ہے۔ خطے میں امن کے لئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔
انہوں نے افغانستان میں بڑھتے ہوئے تشدد پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ پاکستان کا آج بھی یہی موقف ہے کہ افغانستان میں امن کے لئے جنگ کا راستہ اختیار نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں ایک سیاسی حل کی حمایت کرتا ہے۔ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جاری امن مذاکرات سے ہی امن کی راہ نکلے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ماہ استنبول میں ہونے والے افغان امن مذاکرات میں بڑا بریک تھرو ملے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More