پاک فوج کی کور کمانڈر کانفرنس، عالمی، علاقائی اور مقامی سیکیورٹی کا جائزہ لیا

پاکستان کی فوج کی کور کمانڈر کانفرنس راولپنڈی میں پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ہوئی۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس کی صدارت کی۔
کور کمانڈر کانفرنس میں عالمی، علاقائی اور مقامی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پاک فوج کی حال ہی میں ہونے والی فارمیشن مشقوں میں آپریشنل تیاری پر اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
کور کمانڈر اجلاس میں ملک کی مشرقی سرحد اور خاص طور پر لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بات کی گئی۔ اجلاس کو اس سال پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں کشمیری بھائیوں کی مکمل حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
کور کمانڈر کانفرنس میں صوبہ خیبر پختون خوا میں ضم ہونے والے اضلاع کی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نئے ضم ہونے والے اضلاع میں سول ایڈمنسٹریشن اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جلد اپنی پوزیشن بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور ان علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔
اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ ان علاقوں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری جلد ہی سول ایڈمنسٹریشن کے سپرد کی جائے۔
کور کمانڈر اجلاس میں افغانستان کے امن عمل کی طرف مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کو دوست ممالک کے ساتھ فوجی تعاون کے مختلف معاہدوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
کور کمانڈر اجلاس میں کورونا وائرس کی تیسری لہر سمیت سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ پاک فوج کی طرف سے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کی مکمل حمایت کا یقین دلایا گیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More