لاہور(پاک ترک نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں جاری ہے ۔ اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا 69واں اجلاس جاری ہے جس میں کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں اضافے کا امکان ہے ۔
اجلاس میں سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنزکے اسٹرکچر اور دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد کل پریس کانفرنس میں تفصیلات شئیر کریں گے۔
اجلاس میں قومی مینز اور ویمنز ٹیموں کی کارکردگی رپورٹ سمیت آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بورڈ اراکین کو بریفنگ دی جائے گی۔
قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے بنائی گئی وائٹ اور ریڈ بال فارمیٹ کے لیے الگ الگ پالیسی کی منظوری دی جائے گی جبکہ کرکٹرز کے معاوضوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رمیز راجا کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں چیف ایگزیکٹیو پی سی بی فیصل حسنین، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر سمیت ملک اسدعلی خان، عاصم واجد، عالیہ ظفر، عارف سعید اور جاوید قریشی شریک ہیں۔