وزیرآباد (پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کا آج دوبارہ وہیں سے آغاز ہو گا جہاں پر سابق وزیراعظم عمران خان پر حملہ ہوا تھا ۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کارکنوں سے لانگ مارچ میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر آباد میں ہمارے مارچ میں تیرہ لوگوں کو گولیاں لگیں ، آج اسی جگہ سے مارچ کا آغاز کر رہے ہیں۔
پنجاب میں وزیر آباد اور فیصل آباد سے الگ الگ مارچ ہوگا جبکہ خیبر پختون خوا میں تین مقامات سے شرکا لانگ مارچ کیلئے روانہ ہوں گے، ہزارہ ریجن، جنوبی اضلاع اور مالاکنڈ ریجن سے بھی مارچ کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ دوبارہ شروع ہو گا، راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ میں اب کوئی توسیع نہیں انشاللہ عمران خان تیسرے ہفتے میں لاکھوں لوگوں کے ساتھ راولپنڈی ہوں گے۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی کے ٹوئٹر اکاونٹ سے اعلان کیا گیا تھا کہ ’قوم تیار ہے، کل سےلانگ مارچ کا آغاز اسی جگہ سے ہوگا جہاں چئیرمین عمران خان پرقاتلانہ حملہ ہوا تھا۔‘