چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا ایران کا دورہ شروع ، ایرانی ہم منصب جنرل محمد باقری سے ملاقات
تہران(پاک ترک نیوز)
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے تہران میں ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات کی ہے۔
پیر کے روز ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی ملاقات میںجنرل باقری نے اپنے پاکستانی ہم منصب کی میزبانی کی۔ ون آن ون اور وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت میں دونوں برادر ہمسایہ ملکوں کے درمیا ن عمومی باہمی تعاون کے فروغ،آپریشنل اور تعلیمی فوجی تعاون کو بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر خطے کے سیکورٹی حالات ، افغانستان کی صورتحال پرتفصیلی بات چیت ہوئی۔ جبکہ جنرل ندیم رضا نے پاکستان کے ٹی ٹی پی سے جاری مزاکرات پرایرانی فوجی قیادت کو اعتماد میں لیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اتوار کی شب تین روزہ دورے پر تہران پہنچے تھے۔ جہاں وہ ایرانی فوجی قیادت کے علاوہ ملک کی سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔