چینی صدر تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

ریاض (پاک ترک نیوز) چینی صدر شی جن پنگ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر تین روزہ دورے پر ریاض پہنچ گئے ۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات کرنے کے لیے چینی صدر شی جن پنگ ریاض کے قصر الیمامہ پہنچ گئے ہیں۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق ایوان شاہی میں چینی صدر کا استقبال ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کیا ہے۔واضح رہے کہ کچھ دیر بعد شاہ سلمان اور چینی صدر کی سربراہی میں سعودی، چینی تعاون وترقیات کانفرنس ہوگی۔


سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’ریاض میں آئندہ دنوں میں ہونے والی تین سربراہی کانفرنسیں مملکت، خلیج تعاون کونسل کے دیگر ممالک اور عرب دنیا کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ چین کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات کو فروغ دیا جائے تاکہ دونوں ممالک اور ان کے عوام خوش حال ہوں۔‘
سعودی سرکای میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب اور چین کے درمیان تعلقات سٹریٹجک ہیں اور بین الاقوامی ترقی اور تبدیلیوں کی روشنی میں قریبی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’دوطرفہ تعلقات دوستی، باہمی اعتماد، تعاون اور مسلسل ہم آہنگی پر مشتمل ہیں۔‘
سعودی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چینی صدر شی جن پنگ بدھ کی شام تین روزہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچے۔
اس دورے کے دوران وہ سعودی چینی سربراہی اجلاس، تعاون اور ترقی کے لیے خلیج چین سربراہی اجلاس اور تعاون اور ترقی کے لیے ریاض عرب چین کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں تعلقات کی ترقی کے لیے اعلٰی سطحی سعودی چینی مشترکہ کمیٹی کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ’مملکت کے وژن 2030 ترقی اور تنوع کے منصوبے اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کے پس منظر میں دو طرفہ اقتصادی تعلقات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، جو تعاون، پائیدار ترقی اور باہمی فوائد کے لیے امید افزا مواقع پیش کرتے ہیں۔‘
سعودی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’چین 2018 سے سعودی عرب کے اعلٰی تجارتی شراکت دار کے طور پر درجہ بندی کر رہا ہے اور 2021 میں دو طرفہ تجارت کی مالیت 309 ارب ریال (82.1 ارب ڈالر) تھی جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 39 فیصد زیادہ ہے۔‘
تین روزہ دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچنے کے بعد چینی صدر نے کہا کہ ’مجھے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے سعودی عرب کی دوست حکومت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
‘صدر شی جن پنگ نے کہا کہ ’چین اور سعودی عرب کے درمیان دوستی، شراکت داری اور بھائی چارے کا گہرا رشتہ ہے۔ سفارتی تعلقات کے قیام کے 32 سال گزرنے کے بعد دونوں فریقین نے افہام و تفہیم اور حمایت کا تبادلہ جاری رکھا ہوا ہے۔‘

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More