پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر انتہائی خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ حکومت نے ملک بھر کے تعلیمی ادارے 40 روز کے لئے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا کو بتایا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 82 فیصد تک پہنچ چکی ہے جس کے بعد حکومت نے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان میں 26 نومبر سے 10 جنوری تک تمام اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز اور ٹیوشن سینٹرز بند رہیں گے۔
شفقت محمود نے کہا کہ 26 نومبر سے 24 دسمبر تک تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔
25 دسمبر سے 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گے۔ 11 جنوری سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیئے جائیں گے۔
تمام تعلیمی ادارے طالب علموں کو آن لائن کلاسز کی سہولت فراہم کریں گے۔ حکومت نے دسمبر میں ہونے والے تمام امتحانات 15 جنوری تک ملتوی کر دیئے ہیں۔
حکومت جنوری کے پہلے ہفتے میں ایک جائزہ اجلاس طلب کرے گی جس میں کورونا وائرس کی صورتحال کو دیکھا جائے گا۔
حکومت پاکستان اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ جن کلاسز کے سالانہ امتحانات مارچ یا اپریل میں ہوتے ہیں انہیں ملتوی کرکے مئی یا جون میں لیا جائے۔
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کیسز کی تعداد 3 لاکھ 76 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 7696 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔