کراچی(پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے چھوٹے فارمیٹ میں کیلنڈر ایئر میں زیادہ فتوحات کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ۔ قومی ٹیم 2021میں سب سے زیادہ ٹو ٹونٹی میچز جیتنے والی ٹیم بن گئی ۔2018 کے بعد سال 2021 میں بھی گرین شرٹس نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی یہی وجہ ہے کہ پاکستان نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔
شاہینوں نے دورے پر آئی ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دے کر سب سے زیادہ ٹو ٹونٹی میچز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ۔
اعدادوشمار کے مطابق شاہینوں کی سال دو ہزار اکیس میں یہ اٹھارہویں کامیابی ہے، قومی ٹیم نے ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچزجیتنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا ہے، اس سے قبل 2018 میں گرین شرٹس 17 ٹی ٹوئنٹی میچز جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔
شاہینوں کے اس کارنامے پر آئی سی سی نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی شاہینوں نے میگا ایونٹ میں بھارت سے شکست کھانے کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کیا تھا جس پر ماہرین کرکٹ بھی دنگ رہ گئے تھے، یہی نہیں پاکستان نے گروپ میچز میں ناقابل شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
بعد ازاں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں بھی قومی ٹیم نے بنگال ٹائیگرز کو اس کی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی میں کلین سوئپ کیا۔
سابقہ پوسٹ