گھریلو صارفین کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیر اعظم

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گیس کی صورتحال پر پیشگی لائحہ عمل کے لیے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں شاہد خاقان عباسی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر مملکت مصدق ملک اور مشیر احد چیمہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم اور شرکا کو موسم سرما میں متوقع طلب و رسد، موجودہ حکمت عملی اور آئندہ ماہ میں گیس فراہمی کے لیے مرتب پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی متوقع طلب کے پیش نظر لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت نے کورونا کے دوران عالمی منڈی میں سستی گیس کا فائدہ نہیں اٹھایا، بروقت گیس نہ خرید کر اس قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا سابق حکومت کے بروقت فیصلے نہ کرنے کا خمیازہ پورا ملک بھگت رہا ہے، گزشتہ حکومت کی طرح بدانتظامی اور مجرمانہ غفلت قبول نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا معیشت میں بارودی سرنگیں بچھانے والوں نے ہر شعبے پر خودکُش حملے کرکے غریب کی کمر توڑ دی، گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اعداد و شمار اور باتوں کے بجائے عملی و سنجیدہ اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More