ریاض (پاک ترک نیوز)
سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز سنٹر فار ورلڈ کلچر "اثرا” میں "ہجرت رسول پاک ﷺ کےنقوش پا” کے عنوان سے منعقد کردہ نمائش میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کےنعلین کی ایک کاپی اور ڈرائنگ کی نمائش کی گئی ہے۔ مراکش کے مشہور محدث ابن عساکر کے مطابق نعلین پاک کی یہ نقل1300ء میں بنائی گئی تھی۔ ابن عساکر کا اپنا دور1287ء ہے۔
ابن عساکر کے مطابق ایسے نسخے عام طور پر اسلامی دارالحکومتوں میں علمائے حدیث کو تقسیم کیے جاتے ہیں، جہاں علماء کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور احادیث کو محفوظ کرنے اور منتقل کرنے کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے۔
حال ہی میں سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے گورنر شہزادہ سعود بن نائف بن عبدالعزیز کی جانب سے اس نمائش کا افتتاح کیا گیا ہے ۔یہ نمائش نو ماہ تک جاری رہے گی۔ اس کے بعد یہ نمائش ریاض، جدہ اور مدینہ منورہ میں منعقد کی جائے گی۔ بعد ازاں اسے دنیا کے دوسرے ملکوں کے شہروں میں بھی منعقد کیا جائے گا۔ اس نمائش کا بنیادی مقصد پیغمبر اسلام ﷺ کی مکہ معظمہ سے مدینہ منورہ کی طرف ہجرت پرروشنی ڈالنا ہے۔
دریں اثنا شاہ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر "اثرا” کے ڈائریکٹر عبداللہ الراشد نے کہاہے کہ "پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے نقش قدم پر ہجرت” نہ صرف ایک نمائش ہے۔بلکہ یہ ایک مربوط کوالٹی پراجیکٹ ہے، جسے عصری انداز میں ایک غیر معمولی اور بے مثال اسلوب میں ایک سفری عالمی نمائش کےطور پر پیش کیا گیا ہے۔اس میں نوادرات اورایسی اشیا شامل کی گئی ہیں جن کا تعلق ھجرت نبوی سےہے اور انہیں ماہرین کی زیرنگرانی تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اثرا سینٹر تین سال سے نمائش کی تیاری اور ڈیزائننگ پر کام کر رہا تھا۔ اس کی تیاری میں 70 سے زائد محققین اور آرٹسٹوں نے حصہ لیا اور انتہائی محنت سے اشیا ڈیزائن کیں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ نمائش میں فن پاروں کا ایک گروپ دکھایا گیا ہے، جس میں ٹیکسٹائل، مخطوطات اور نوادرات کا ذخیرہ بھی شامل ہے۔ یہ نوادرات اسلامی تہذیب کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔
مرکز نے متعدد مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت سے نمائش کی تیاری کی ہے۔ نمائش کی تیاری میں ریاض میں نیشنل میوزیم ، شاہ عبدالعزیز کمپلیکس فار اینڈومنٹ لائبریریز ،جدہ میں اسلامک آرٹس ہاؤس میوزیم اور فیروزی ماؤنٹین شامل ہیں۔