یوکرین پر روس کا حملہ، ترک صدر کی سربراہی میں اہم وزارتی اجلاس

انقرہ (پاک ترک نیوز)ترکی یوکرین کی علاقائی سالمیت اوروحدت کی حمایت کرتا رہے گا۔ روس کا حملہ منسک معاہدے اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ان خیالات کا اظہار صدر رجب طیب اردوان نے جمعرات کے روز یہاں روس کے یوکرین پر حملے کے تناظر میں بلائے جانے والے ادارہ جاتی سربراہی اجلاس میں کیا۔
صدر اردوان کی سربراہی میں دارالحکومت انقرہ کے صدارتی کمپلیکس میں منعقدہ یہ اجلاس تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا۔جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ترکی یوکرین کے سیاسی اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔جبکہ مختلف وزارتوں کےحکام نے ان اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جو روس کے ساتھ اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر اس حملے کو روکنے کے لیے شروع کیے جا سکتے ہیں کیونکہ روس کا یوکرین پر حملہ خطے اور دنیا کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
سربراہی اجلاس میں نائب صدر فواداوکتائے، وزیر دفاع حلوصی آقار، وزیر داخلہ سلیمان سویلو، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل یاسر گلر، نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (ایم آئی ٹی) کے سربراہ ہاکان فیدان، کمیونیکیشن ڈائریکٹر فرحتین التون اور صدارتی ترجمان ابراہیم کالن نے شرکت کی۔تاہم وزیر خارجہ مولود چاوش اولو قازقستان کے دورے کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More