یوکرین کی سرحد سے روسی فوجوں کی واپسی شروع

ماسکو (پاک ترک نیوز)روس نے اعلان کیا ہے کہ اسکی یوکرین کے قریب تعینات فوج میں سے کچھ دستے اپنی چھاؤنیوں پر واپس آنا شروع ہو گئے ہیں۔ جب کہ یوکرین کی سرحد پر روسی فوج کے اجتماع نے حملے کے خدشے کو جنم دیا ہے جس پر امریکہ اور یورپی اتحادی شدید تحفظات کا شکار ہیں۔
روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے منگل کے روز ایک میڈیا انٹرویو میں کہا ہے کہ جنوبی اور مغربی فوجی اضلاع کے فوجی دستوں نے اپنی تعیناتی کا وقت اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کےبعد ریل اور سڑک کے راستے واپسی کی تیاریاںشروع کر دی ہیں اور آج سے وہ اپنی فوجی چھاؤنیوں میں واپس جانا شروع کر دیں گے۔جبکہ اسی حوالے سے صدر پوٹن سے ملاقات کرتے ہوئے روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے پیر کے روز کہاتھا کہ روس کی کچھ جنگی مشقیں جلد ہی اپنے اختتام کو پہنچ رہی ہیں۔
روس کی یوکرین کے قریب بیلاروس میں فوجی مشقوں سےبھی نیٹو اور مغربی اتحادی تشویش سے دوچارہیں جہاں امریکہ کے مطابق تقریباً 30,000 روسی فوجی 20 فروری تک جاری رہنے والی مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
تاہم یوکرین کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ انہوں نے پیر کے روز اپنے بیلاروسی ہم منصب سے بات کی ہے اور یقین دہانی حاصل کی ہے کہ بیلاروسی سرزمین سے کیف کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More