کیف (پاک ترک نیوز) یوکرین کے لیے امریکہ کے 200 ملین ڈالر کے سیکورٹی سپورٹ پیکج کی پہلی کھیپ کیف پہنچ گئی ہے۔جسکی منظوری امریکی حکومت نے گذشتہ دسمبر میں دی تھی۔
یہ بات کیف میں امریکی سفارت خانے نے ہفتے کے روزجاری ہونے والے بیان میں بتائی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجی ساز وسامان کی فراہمی امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے اسی ہفتے کیف کے دورے کے بعدامریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں کی جانب سے یوکرین کے ساتھ سرحد پرایک لاکھ روسی فوجیوں کی موجودگی اور روس کے یوکرین پر ممکنہ حملے کے خدشات کی بنا پر کی جارہی ہے ۔ اس سلسلے میں برطانیہ کی طرف سے اینٹی ٹینک میزائلوں کی کھیپ پہلے ہی یوکرین پہنچائی جا چکی ہے۔
جبکہ انٹونی بلبکن نے فیس بک پر کہا ہے کہ "امریکہ یوکرین کی مسلح افواج کو روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مدد فراہم کرتا رہے گا۔”اسی حوالے سے یوکرین کے وزیر دفاع نے فوجی امداد پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
دریں اثنا روس نےیوکرین پر فوجی حملے کی منصوبہ بندی کی تردیدکرتے ہوئے کہاہے کہ روس کو اپنی سرحدوں کے اندر ہر طرح کی سرگرمیوں کا مکمل اختیار ہے۔ روسی فوج کی جنگی مشقیں ملکی سالمیت کے دفاع کے لئے ہیں ان کا کسی پر حملے سے کو ئی تعلق نہیں۔