یو اے ای میں کفیل کا نظام ختم، غیر ملکیوں کیلئے 10اقسام کے اقاموں کا اجرا شروع

 

ابوظہبی (پاک ترک نیوز)

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے غیرملکیوں کے لیے ’گولڈن‘، ’ورچوئل‘ اور ’گرین‘ سمیت 10 اقسام کے اقاموں کا آغاز کیا ہے۔

اماراتی سرکاری میڈیا کے مطابق وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سکیورٹی نے کہا ہے کہ پیر تین اکتوبر2022 سےغیرملکیوں کے لیے دس اقسام کے اقاموں کا اجرا شروع کیا گیا ہے۔ ان کی مدت دو سے دس برس تک ہے۔ اور تمام اقامے قابل توسیع ہیں۔ وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سکیورٹی نے کہا ہے کہ ملک میں کفیل کا نظام مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔ نئے ویزوں کے نظام میں کفیل کے لیے کوئی جگہ نہیں۔مزید براں غیرملکی اقامہ ختم ہونے یا منسوخ کیے جانے کے بعد ایک سے چھ ماہ تک امارات میں قیام کرسکیں گے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ آئندہ آجر اور اجیر کے درمیان کاروباری تعلق پر انحصار ہوگا۔ ریکارڈ وقت میں ویزا جاری ہوگا اور مقررہ سہولتوں کی فراہمی میں غیرمعمولی لچک کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ نئے اقامہ نظام میں سرمایہ کاروں، تاجروں، سائنسدانوں، ماہرین، ممتاز طلبہ، فلاحی خدمات، ڈاکٹروں اور زندگی کے تمام شعبوں کے ہنرمندوں کے لیے ویزوں اور اقاموں کی سہولت دی گئی ہے۔ ویزا اور اقامے کی کارروائی کو مختصر اور آسان بنانے کے ساتھ سہولتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

امارات میں مقیم غیرملکی کی فیملی اورغیرملکی پاسپورٹ ہولڈر جی سی سی ممالک کے شہریوں کی اولاد و بیگمات کے لیے بھی اقامہ جاری ہوگا۔

علاوہ ازیں وفاقی اتھارٹی کے سربراہ کے جاری کردہ ضوابط کے مطابق انسانی حالات کی بنیاد پر بھی اقامے کا اجرا ہوگا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More