راولپنڈ ی (پاک ترک نیوز) جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث 12افراد جاں بحق ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ نون کے علاقے پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب دیوارگرنے سے 12مزدور جاں بحق ہو گئے۔امدادی ٹیموں نے مشین کی مدد سے 12 لاشیں نکال لی ہیں، مزید افراد کی تلاش کیلئے مشین کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
دیوار تقریباً 100 فٹ لمبی اور11 فٹ اونچی تھی جس کے ساتھ پل کی تعمیر کے سلسلے میں موجود مزدوروں نے ٹینٹ لگا رکھا تھا، اس دوران دیوار ان پر گر گئی۔
اب تک لائی جانے والی 12لاشیں مردہ خانہ منتقل کر دی گئی ہیں، چار زخمی بھی شامل ہیں جو ہیڈ انجری کا شکار ہیں، ان زخمیوں کی سرجری کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر مبشر ڈاہا کا کہنا تھا کہ جاں بحق افرادکی عمریں 19 سے 36 سال کے درمیان ہیں، پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر کی جانب سے پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔