کراچی(پاک ترک نیوز) چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔انجری کا شکار شاداب خان کو آرام دیا گیا ہے جبکہ اسامہ میر کو ان کی جگہ منتخب کیا گیا ہے ۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم کپتان بابراعظم اور ثقلین مشتاق کی مشاورت سے بنائی ہے، کوشش ہے کہ بابراعظم کو بڑے کرکٹر کے ساتھ ایک اچھا کپتان بنائیں۔سرفراز احمد کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرنے کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کو جہاں لگا کہ رضوان تھک گئے ہیں یا پرفارم نہیں کرپارہے تو سرفراز کو ضرور موقع دیا جائے گا۔
چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انجری کا شکار شاداب خان سے بالنگ کروائی ہے تاہم وہ مکمل فٹ نہیں، اس لیے انہیں ریسٹ دیا گیا ہے، انکی جگہ اسامہ میر کو موقع دیا ہے۔
قومی سکواڈ میں کپتان بابراعظم، فخر زمان، کامران غلام، فخر زمان، حارث رؤف، حارث سہیل، امام الحق، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونئیر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہنواز دھانی، شان مسعود، طیب طاہر اور اسامہ میر شامل ہیں۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ دو ٹیسٹ میچوں اور تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے کراچی میں موجود ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ 9جنوری ، دوسرا 11جبکہ تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ 13جنوری کو کھیلا جائے گا۔
دوٹیسٹ میچوں کی طرح ایک روزہ میچز بھی کراچی میں کھیلے جائیں گے ۔