ہیلی کاپٹر سکول میں گرنے میں یوکرینی وزیر داخلہ سمیت 18فراد ہلاک

 

کیف (پاک ترک نیوز) یوکرین میں ہیلی کاپٹر سکول میں گرنے سے وزیرداخلہ اور 3بچوں سمیت 18افراد ہلاک جبکہ 29زخمی ہو گئے ۔
قومی پولیس کے سربراہ ایگور کلیمینکو نے بتایا کہ دارالحکومت کیف کے باہر ایک نرسری کے قریب ہیلی کاپٹر گرنے سے یوکرین کے وزیر داخلہ اور 3بچوں سمیت 18افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں وزیر داخلہ ڈینس موناسٹیرسکی سمیت وزارت داخلہ کے کئی اعلیٰ اہلکار بھی شامل ہیں۔
ہیلی کاپٹر پرواز بھرنے کے تھوڑی دیر بعد ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ہیلی کاپٹر جہاں گرا وہاں موجود مزید 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
ہیلی کاپٹر گرنے کے مقام پر بڑی تعداد میں شہری اور بچے موجود تھے اس لیے حادثے میں 3 بچے بھی ہلاک ہوئے جب کہ 29 زخمیوں میں بھی 15 بچے شامل ہیں۔یوکرین کے ایمرجنسی ریسکیو ہیلی کاپٹر میں وزیر داخلہ اور دو اہم سرکاری عہدیداروں سمیت 9 افراد سوار تھے اور نامعلوم مقام کی جانب جا رہے تھے۔تاحال ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے تاہم حادثے کے وقت تاریکی تھی اور فوگ کی وجہ سے حد نگاہ نہ ہونے کے برابر تھی۔
ابتدا میں بتایا گیا تھا کہ ہیلی کاپٹر ایک پرائمری سکول پر گرا تھا تاہم بعد میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر ایک نرسری کے نزدیک گرا تھا جہاں بڑی تعداد میں بچے مقیم تھے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ہیلی کاپٹر پہلے پرائمری اسکول سے ٹکرایا اور پھر نزدیکی عمارت کے قریب گر کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اس میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More