انقرہ (پاک ترک نیوز)
جنوب مشرقی ترکیہ میں 7.7 اور 7.6 شدت کے زلزلوں کے بعدگذشتہ روز سے اب تک آس پاس کے علاقے میں کم از کم 185 آفٹر شاکس آچکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے رپورٹ کیا ہےکہ ترکیہ میں پہلا 7.6شدت کا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4:17 بجے پر تقریباً 17.9 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا جس کے 15 منٹ بعد 6.7 شدت کا پہلا بڑا آفٹر شاک آیا۔اسکے بعد 6اور5شدت کے زلزلے کے کئی جھٹکے آئے۔ تاہم دوپہر 1:24بجے اسی علاقے میں 7.7شدت کا دوسرا بڑا زلزلہ آیا جس نے سب کچھ تہس نہس کر دیا۔رپورٹ کے مطابق ان تباہ کن زلزلوں کے علاقے میں 36گھنٹوں کے دوران 185آفٹر شاکس ریکارڈ کئے جاچکے ہیں۔
دریں اثنا ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی) کے مطابق ترکی اور شام میں پیر کی صبح آنے والے 7.7 شدت کے طاقتور زلزلے میں 3419سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔جبکہ ملبے کے نیچے سے ابھی تک جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں برآمد ہو رہی ہیں۔زلزلے نے عمارتوں کو مسمار کر دیا جب کہ بہت سے لوگ ابھی تک سو رہے تھے اور زلزلے کے جھٹکے قبرص، مصر، اسرائیل ، اردن اور یونان سمیت یورپ کے کئی ملکوں میںمحسوس کیے گئے۔
سابقہ پوسٹ