پاکستان کے 22 کروڑ عوام ترکیہ اور شام کے غم میں برابر کے شریک ہیں،وزیراعظم

 

لاہور(پاک ترک نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلہ کے متاثرین کی امداد کے لیے سامان کی بڑی کھیپ روانہ کر دی اور کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام ترکیہ اور شام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
لاہور ایئرپورٹ پر ترکیہ کے لیے امدادی سامان بھیجنے کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں ترکیہ کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، ترک بھائیوں کی مدد کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، ترکیہ کے عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں، ہر طرف زلزلے سے ہولناک مناظر دکھائی دیتے ہیں، ترکیہ اور شام کے لوگ دلیری سے ان حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے نکلیں گے، پاکستان کے 22 کروڑ عوام ترکیہ اور شام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یقین ہے ترک اور شام کے عوام اس مشکل سے جلد نکلیں گے، جس دن یہ سانحہ ہوا ترک صدر سے بات کی اور تعاون کا یقین دلایا، اسی رات پاک آرمی کی ٹیم ترکیہ روانہ کی۔
انہوں نے کہا کہ نماز جمعہ میں پاکستانی عوام ترکیہ کے عوام کیلئے خصوصی دعا کریں، پاکستان کی جانب سے ترکیہ کی امداد کا سلسلہ ہر روز جاری رہے گا، انہوں نے عوام، تاجر اور فلاحی اداروں سے امداد دینے کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے 1122 کی ٹیم ترکیہ روانہ کی، 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب میں ترکیہ نے پاکستان کی بھرپور مدد کی، ترکیہ اور شام کے بہن بھائیوں کی ہم نے خدمت کرنی ہے اور پوری طرح ان کا ہاتھ تھامنا ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور شام میں ہزاروں لوگ جاں بحق اور زخمی ہوئے، ترکیہ اور شام میں لوگ ملبے سے اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے ہیں، ترکیہ بھیجے جانے والی پاکستانی امداد کی ترسیل شروع ہوچکی ہے، آج 100 ٹن سامان بذریعہ ٹرک ترکی روانہ کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چاروں وزرائے اعلیٰ سے گزارش کی ہے کہ ہر ضلع میں عطیات سنٹر کھولیں، کیش کی صورت میں عطیات وزیراعظم فنڈ اکاؤنٹ میں جمع ہو جائیں گے، سکول میں پڑھنے والے طلبا 10 روپے فی سٹوڈنٹ عطیہ فنڈ میں جمع کروائیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More