اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے۔
اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے 10 سال مکمل ہونے پر میں چین کے نائب وزیر اعظم کی پاکستان آمد پر شکر گزار ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس معاہدے کی بدولت آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں شعبہ توانائی، روڈ، انفراسٹرکچر، پبلک ٹرانسپورٹ اور ہائیڈل پاور سیکٹر میں 25 ارب ڈالرز سے زیادہ کی سرمایہ کاری آئی، کوئی شک نہیں کہ ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخلے ہو رہے ہیں، آج ہم نے کچھ اہم دستاویزات پر دستخط کئے ہیں جو دونوں ماملک کے درمیان اقتصادی تعاون میں مزید اضافے کا سبب بنیں گے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ 10 سال قبل سی پیک منصوبوں پر کام کا آغاز ہوا تھا، سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، پاکستان اور چین نے اس معاہدے پر 10 سال قبل دستخط کئے تھے، اس کی سیاہی سوکھنے سے قبل ہی اس پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا تھا۔