بھوپال (پاک ترک نیوز)
بھارتی کانگریس رہنما پر لوگوں کو مودی کے قتل پر اکسانے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس نے کانگریس کے ایک علاقائی رہنما کے خلاف لوگوں کوبھارتی وزیراعظم نریندر مودی کےقتل پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے رہنما راجہ پتیریا کی ایک ویڈیو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک عہدیدار کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی۔ ویڈیو میں راجہ پتیریا یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ آئین کو بچانے کے لیے مودی کو قتل کرنا ہوگا۔ لیکن اس ویڈیو میں کانگریس رہنما نے یہ وضاحت بھی کی کہ ’قتل‘ سے ان کی مراد وزیراعظم نریندر مودی کو سیاسی طور پر شکست دینا ہے۔راجہ پتیریا اس ویڈیو میں اپنے اردگرد جمع لوگوں سے یہ بھی کہتے ہوئے نظر آئے کہ مودی لوگوں کو مذہب، ذات اور زبان کے نام پر تقسیم کردیں گے۔
انڈین میڈیا کے مطابق اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مدھیہ پردیش کے ہوم منسٹر نروتم مشرا نے صحافیوں کو بتایا کہ کانگریس رہنما کی تقریر پر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تاہم راجہ پتیریا کا کہنا تھا کہ وہ گاندھی کےپیروکار ہیں اور قتل کی بات بھی نہیں کرسکتے۔راجہ پتیریا کا مزید کہنا تھا کہ انکے بیان کا مطلب یہ تھا کہ آئین کو بچانے کے لیے مودی کو سیاسی طور پر شکست دینی ہوگی۔اورانہوں نے کہا تھا کہ اقلیتوں اور دلتوں کی حفاظت کرنے کے لیے مودی کو شکست دینی ہوگی۔