اسلام آباد (پاک ترک نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان اور یو این کی قیام امن کی کوششوں کے 75 سال مکمل ہونے پر اعلامیہ جاری کیا ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور اقوام متحدہ قیام امن کے لیے مشترکہ کوششوں کے 75 سال مکمل ہونے کی خوشی منا رہے ہیں ،وزارت خارجہ میں اقوام متحدہ کے تعاون سے خصوصی تقریب منعقد کی گئی ۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہناہے کہ اس تقریب میں سال 1960 سے ابتک یواین کے 46 مشنز میں خدمات سرانجام دینے والے 2 لاکھ پاکستانی مرد و خواتین کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔تقریب میں امن مشنز میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 171 پاکستانیوں کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں 4334 فوجی و پولیس اہلکاروں کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے ۔
وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ کے امن مشنز کے ساتھ اپنے دیر پا تعلق پر بڑا فخر ہے ۔
نمائندہ یو این ڈی پی پاکستان نٹ اوسٹبی کا کہنا تھا کہ ہم 80 ہزار سے زائد بہادر امن محافظوں کا دن منا رہے ہیں۔یہ افراد دنیا میں قیام امن کے لیے انتہائی اہم کام سرانجام دے رہے ہیں۔