کراچی (پاک ترک نیوز) نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا ہے کہ 8 ستمبر کا دن پاکستان نیوی کی تاریخ میں سنہرے باب کے طور پر رقم ہے۔جو پاک بحریہ کے سرفروشوں کی لازوال قربانیوں اور جذبوں کی یاد دلاتا ہے۔
ترجمان پاک بحریہیوم بحریہ 2022 کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپریشن سومنات کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے ہندوستانی بندرگاہ دوارکا پر حملہ کرکے ہندوستانی ریڈار اسٹیشن تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیا۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی نے جنگ کے دوران بحر ہند میں اپنا راج قائم رکھا اور پوری بھارتی نیوی کو بھارتی بندرگاہ میں مفلوج کر دیا۔ پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔
سربراہ پاک بحریہ نے مزید کہا کہ پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے دن پاکستان نیوی کے آفیسرز ، سی پی اوز ، سیلرز اور سویلینز ملک کے ناقابل تسخیر دفاع اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک ثابت قدم رہنے کا عہد کرتے ہیں۔