انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عید پر 8 سے 16مئی تک کا پابندیوں کا ہدایت نامہ جاری کردیا۔
این سی او سی کے مطابق آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا حکومتوں نے ذیلی اداروں کو ضروری ہدایات جاری کردی ہیں، ضروری ہدایات عیدالفطر پرکورونا کا پھیلاؤ روکنےکے لیے دی گئی ہیں۔
این سی او سی کا کہنا ہےکہ شمالی علاقہ جات میں تمام داخلی راستوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کاروں کی تعداد بڑھائی جائےگی، این ایچ اے اور ایف ڈبلیو اوکو ٹول پلازوں پر خصوصی آگاہی بینر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران سیاحتی مقامات اور ہوٹلز کی بندش کے احکامات جاری کردیےگئے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیاحتی مقامات پر عوام کو اکٹھا نہ ہونے دینے کی ہدایت بھی دی گئی ہیں۔
دوسری جانب صوبائی ٹاسک فورس خیبرپختونخوا نے صوبے میں 8 مئی تا 16 مئی لاک ڈاؤن پر عمل درآمد ہر لحاظ سے یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والوں کوجرمانہ کیا جائےگا اور عیدپرگھروں کوجانےوالوں کی سہولت کے لیے ہفتہ اتوار پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رہے گی ۔