نئی دہلی (پاک ترک نیوز) بھارت کی ریاست منی پور میں قبائلی تصادم میں 8افراد ہلاک جبکہ 18زخمی ہو گئے ۔
خونریز تصادم کے واقعات بشنوپور اور چورا چندپور کے اضلاع میں پیش آئے، جہاں کوکی اور میٹی قبائل کے درمیان تصادم گزشتہ 2روز سے جاری تھا۔
اس تمام صورتحال میں پولیس اور فوج خاموش تماشائی بنی رہی، جبکہ منی پور کے وزیراعلیٰ بیرن سنگھ نے حالات کوسنگین اور نازک ترین قرار دیدیا۔
ڈی جی آسام رائفلزلیفٹیننٹ جنرل پردیپ نائر نے بھی ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل پردیپ نائر کا کہنا ہے کہ کوکی، میٹی قبائل کے پاس بڑی تعداد میں ہتھیار موجود ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل پردیپ نے کہا کہ قبائل کے پاس ہتھیاروں کے باعث فورسز کو ناکامی کاسامنا ہے، ماضی میں کبھی ایسی کشیدگی نہیں دیکھی، حالات انتہائی خراب ہیں۔
یاد رہے کہ منی پور میں 4 ماہ سے خانہ جنگی جاری ہے جس میں اب تک 300 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 50 ہزار بے گھر ہوئے ہیں۔