مدینہ منورہ (پاک ترک نیوز) مسجد نبوی ﷺ میں رمضان المبارک کی آمد کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔مقدس مہینے کے دوران تقریباً 85 لاکھ روزہ داروں کی سحری و افطاری کا اہتمام کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں اسلام کا دوسرا مقدس ترین مقام مسجد نبوی ﷺ میں رمضان کے مہینے میں بڑی تعداد میں نمازیوں کے استقبال کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
اس سال 11 مارچ سے شروع ہونے والے رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں کیلئے مسجد میں 8.5 ملین سے زیادہ افطار کے کھانے تقسیم کیے جانے کی توقع ہے۔
مقدس مہینے کے دوران زمزم کے پانی کی تقریباً 25 لاکھ بوتلیں بھی مسجد نبوی میں دی جائیں گی۔مزید یہ کہ مسجد میں زمزم کے 18000 کنٹینرز لگائے جائیں گے۔
رمضان المبارک کے آغاز میں، مسجد نبوی کی نگہداشت کے لیے جنرل اتھارٹی نے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں اس مہینے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
وسیع تعداد میں زائرین کی آمد کے پیش نظر بہترین انتظامات کرنا ،خدمات میں وسیع و عریض جگہ پر پھیلے ہوئے قالینوں کی صفائی اور جراثیم کشی اور رش کے اوقات میں لوگوں کیلئے بہترین انتظام بھی شامل ہے ۔