ریاض (پاک ترک نیوز) سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے اعلان کیا ہے کہ حج سیزن 2024 کے لیے اتوار دو جون تک فضائی، بحری اور زمینی راستے سے 9 لاکھ 35 ہزار966 عازمین کی مملکت میں آمد ہوچکی ہے۔
8 لاکھ 96 ہزار287 عازمین فضائی راستے، 37 ہزار 280 زمینی اور دو ہزار 399 بحری راستے سے مملکت میں داخل ہوچکے ہیں۔محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ وہ عازمین کے داخلے کو آسان بنانے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے۔
’جوازات‘ کے ترجمان میجر ناصر العتیبی کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک سے آنے والے عازمین کی خدمت کیلیے 138 زبانوں میں فوری ترجمہ کرنے کی ڈیوائسز فراہم کردی گئی ہیں۔سعودی وزارتِ امور نے عازمینِ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر نُسک کارڈ کھویا تو دس ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
وزارت مذہبی امور نے حجاج کے لیے خصوصی پیغام میں عازمین کو خبردار کیا ہے کہ عازمین کو نُسک کارڈ کی گمشدگی کی صورت میں دس ہزار سعودی ریال جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔
وزارت کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج نسک کارڈ کی حفاظت یقینی بنائیں کیونکہ اس کے گم ہونے کی وجہ سے فریضہ حج میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
واضح رہے گزشتہ ماہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے ’نُسک حجاج کارڈ‘ کا اجرا کیا تھا، نُسک حجاج کارڈ کا مقصد حج سیزن کے لیے آپریشنل طریقہ کار کی صلاحیت بڑھانا ہے تاکہ حج کو بہت زیادہ آسان بنایا جا سکے اورغیر قانونی طریقے سے حج کرنے کے واقعات کو کم کیا جا سکے۔