مدینہ منورہ (پاک ترک نیوز)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ میں رمضان المبارک سے قبل زائرین کے لیے مزید 9 ہزار ہوٹل کمرے مہیا ہوں گے۔
سعودی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق احمد الخطیب نے مدینہ منورہ میں ہوٹلوں کے مالکان اور منتظمین کے ساتھ ملاقات کی ہے۔
انہوں نے مدینہ منورہ میں زائرین کی رہائش کا معیار بہتر بنانے اور ہوٹلوں کو درپیش مسائل جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں کے مسائل حل کرنے کے لیے فنڈنگ اور صاف شفاف قوانین و ضوابط بنائے جائیں گے۔
وزیر سیاحت نے سرمایہ کاروں سے کہا کہ ’مدینہ منورہ میں اہم تاریخی مقامات ہیں۔ زائرین انہیں دیکھیں گے تو آئندہ بھی تاریخی مقامات دیکھنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پلاٹ خریدنے، کرایے پر اٹھانے اور ہوٹل بنانے کا فیصلہ سرمایہ کار کریں گے۔ جبکہ فروغ سیاحت فنڈ سے سرمایہ ہم فراہم کریں گے۔