خدارا عالمی برادری شام کے انسانی المئے کو ختم کرنے میں کردار ادا کرے، صدر ایردوان

انقرہ : صدر رجب طیب ایردوان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے خدارا شام کے انسانی بحران کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ امریکی نیوز ویب سائٹ بلوم برگ پر صدر ایردوان نے ایک کالم لکھا جس کا عنوان تھا "مغرب شام میں خانہ جنگی ختم کرنے کے لئے ترکی کی مدد کرے”۔

انہوں نے کہا کہ ترکی ایسی کسی بھی تجویز کو تسلیم نہیں کرے گا جس میں شام کے عوام کی خواہشات شامل نہیں ہوں گی۔ شامی لوگ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ کرب ناک زندگی گزار رہے ہیں۔

صدر ایردوان نے کہا کہ جب تک شام کے عوام کی رائے کو شامل نہ کیا جائے گا بحران کے خاتمے کی کوئی امید نہیں ہے۔ شام کی جغرافیائی حدود کا احترام اور سیاسی اتحاد کے بغیر کئے گئے تمام اقدامات کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ شام میں پائیدار امن کے لئے عالمی برادری کو شام کے عوام کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا۔

صدر ایردوان نے کہا کہ شام میں امن و استحکام کے لئے ایک ایسے سیاسی نظام کی ضرورت ہے جس میں تمام شامی شامل ہوں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ "سیرین پیپلز پروٹیکشن یونٹس (وائی پی جی) کے خلاف ایک متحد اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہو گا۔ اگر دنیا ترکی کے ساتھ شامی مہاجرین کا بوجھ شیئر نہیں کرے گی تو شامی مہاجرین کی اگلی منزل یورپ ہو گی اور مغربی ممالک اس بحران سے اکیلے نہیں نمٹ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ اپنے وعدوں اور معاہدوں کی پاسدرای نہیں کر رہا ہے۔ اس وقت ترکی میں 37 لاکھ شامی مہاجرین پناہ لئے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ افغانستان اور دیگر ممالک سے آنے والے مہاجرین کی تعداد الگ ہے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ یورپین یونین نے ترکی میں بسنے والے مہاجرین کے لئے جس مالی امداد کا وعدہ کیا تھا وہ ابھی تک پورا نہیں کیا ہے۔ اگر صورتحال اسی طرح برقرار رہی تو ترکی کے پاس اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہو گا کہ وہ مہاجرین کو یورپ جانے کی اجازت دے دے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More