ترکی: کورونا وائرس بے قابو، کیسز کی تعداد 50 ہزار، اموات 200 سے تجاوز کر گئیں

ترکی میں کورونا وائرس روکنے کے تمام اقدامات ناکام ہوتے جا رہے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کیسز کی تعداد 50 ہزار ہو گئی جبکہ دوسری طرف اموات 200 سے تجاوز کر گئیں۔
گذشتہ سال مارچ سے شروع ہونے والے لاک ڈاؤن اور پابندیوں کے باوجود ترکی میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
8 کروڑ 40 لاکھ سے زائد آبادی کے ملک ترکی میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 50 ہزار افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی جبکہ مرنے والوں کی تعداد 211 ہو گئی۔
گذشتہ ہفتے صدر رجب طیب ایردوان نے ملک بھر میں کورونا وائرس کنٹرول کرنے کے لئے پابندیاں مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ ریسٹورنٹس اور کیفے بند کر دیئے گئے ہیں۔ ابھی 13 اپریل سے ترکی میں رمضان المبارک بھی شروع ہونے والا ہے جس پر حکومت کی پریشانیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق نئے کیسز میں 75 فیصد ایسے مریض ہیں جن میں برطانیہ سے آنے والا وائرس پایا گیا ہے۔
ترکی میں 14 جنوری سے کورونا ویکسین کا پروگرام شروع ہوا تھا اور اب تک ایک کروڑ 76 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔
ترک وزارت صحت کے مطابق ایک کروڑ 3 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک دے دی گئی ہے جبکہ 73 لاکھ 30 ہزار افراد کا ویکسین کی دو خوراکوں کا کورس مکمل ہو گیا ہے

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More