ورلڈ کپ ٹی 20 ، افغانستان کی ہار نے انڈیا میں ہاہاکار مچادی

 

ابوظبی (پاک ترک نیوز) متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو ہرا کر سیمی فائنل میں کوالیفائی کرلیا۔ نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی اور 125 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ کیوی کپتان کین ولیمسن اور ڈیون کون وے نے ناقابل شکست 68 رنز کی شراکت قائم کی اور دو وکٹیں گرنے کے بعد سنگل ڈبل کرتے ہوئے باآسانی ٹوٹل حاصل کرلیا۔
گروپ بی میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے میچ پر ایک ارب 30 کروڑ بھارتیوں کی امیدیں جڑی ہوئی تھیں کیونکہ اگر افغانستان اپ سیٹ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو ہرادیتا تو بھارت کو آخری میچ میں نمیبیا کو ہرانا پڑتا اور وہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کے چھ ، چھ پوائنٹس کے باوجود بہتررن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں چلا جاتا۔
بھارت پہلا میچ پاکستان سے 10 وکٹوں سے ہارا اور پھر نیوزی لینڈ نے اسے 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد ٹیم انڈیا نے افغانستان اور پھر سکاٹ لینڈ کو بڑے مارجن سے شکست دے کر اپنا ریٹ بہتر کرلیا اور اب وہ سیمی فائنل کی دوڑ میں نیوزی لینڈ کی ہار اور افغانستان کی جیت سے امیدیں لگائے بیٹھے تھے جو اب دم توڑ گئی ہیں ۔ اب بھارتی ٹیم کو نمیبیا کے ساتھ میچ کھیل کر ہرصورت واپسی ممبئی کی ٹکٹ لینا پڑے گی ۔
ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کی چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیمیں طے پاگئی ہیں ۔ اب سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جبکہ انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More